پاکستان اورترکی

پاکستان اورترکی کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں 47.45 فیصد اضافہ

اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان اورترکی کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 47.45 فیصدکانمایاں اضافہ ہواہے،رواں مالی سال میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کاحجم گزشتہ مالی سال کے 611.58 ملین ڈالرکے مقابلہ میں بڑھ کر901.83 ملین ڈالرہوگئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ترکی کوپاکستانی برآمدات کاحجم 218.06 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10.14 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ترکی کوپاکستانی برآمدات کاحجم 240.19 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا،اپریل 2021 میں ترکی کوبرآمدات سے ملک کو25.84 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا، گزشتہ سال اپریل میں یہ حجم 22.63 ملین ڈالررہا تھا۔

مالی سال 2020 میں ترکی کومجموعی طورپر283.92 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2021 کے پہلے 10 ماہ میں ترکی سے درآمدات پر 683.77 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 84.10 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ترکی سے 371.39 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں ۔ اپریل 2021 میں ترکی سے درآمدات کاحجم 50.84 ملین ڈالررہا ، گزشتہ سال اپریل میں ترکی سے 30.57 ملین ڈالرکی درآمدات ہوئی تھیں ۔مالی سال 2020 میں ترکی سے 608.26 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں