ڈاکٹر عارف علوی

پاکستان انڈیا کو تباہ نہیں کریگا، انڈیا خود اپنے آپ کو تباہ کرلے گا، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد(عکس آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، پاکستان انڈیا کو تباہ نہیں کرے گا بلکہ انڈیا خود اپنے آپ کو تباہ کرے گا۔اسلام آباد میں انتہا پسند بھارت بمقابلہ ذمہ دار پاکستان کے موضوع پرسمینارسے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر بین الاقوامی برادری کے رد عمل کا یہی وقت ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمان، سکھ اور ہندو کمیونٹی سراپا احتجاج ہے، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)کے نفرت انگیز فلسفے نے گاندھی کو بھی قتل کیا تھا۔

ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان امن پسند اور امن کا خواہشمند ہے لیکن وہ کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ صدر نے کہا کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ پاکستان کیخلاف جعلی آپریشن کرنے سے باز رہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخرہے جنہوں نے گزشتہ 27 فروری کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے پاک فضائیہ اور بری فوج کو دہشت گردی کو شکست دینے اور ماد ر وطن کی سرحدوں کا دفاع کرنے پرمبارکباد دی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اوروہ دنیا میں ہر اقلیت کیلئے آواز بلند کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں ، سکھوں اور عیسائیوں سمیت اقلیتوں سے امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق مسئلہ موجود ہے اور عالمی برادری کو اقلیتوں کو ان کے جائز حقوق یقینی بنانے کیلئے بھارت پر دباو ڈالنا چاہیے،ان کا کہنا تھا کہ ہندو اور مسلمان امن پسند ہیں لیکن بھارت میں سیاست دان امن پسند نہیں ہیں، میرے رشتے دار اب بھی بھارت میں ہیں، وہاں کی اندرونی صورتحال پر دکھ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں