اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو انسانی بنیادوں پر ریلیف کی فراہمی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اقومِ متحدہ کے پاکستان میں ریزیڈنٹ کوارڈینیٹر جولین ہارنئیس کی ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے کام میں خاص طور پر امن قائم کرنے، انسانی ہمدردی کی کارروائیوں، ماحولیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے لیے پاکستان کے پختہ عزم پر زور دیا۔
شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے ایجنڈے 2030 اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پاکستان کی پیشرفت کی حمایت میں اقوام متحدہ کے اہم کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو انسانی بنیادوں پر ریلیف کی فراہمی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نے عالمی ادارہ کی جانب سے کورونا وبا سے لچکدار بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں میں مسلسل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ جولین ہارنئیس جنوری 2020 سے پاکستان میں اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوارڈینیٹر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں. وہ اقوامِ متحدہ کی کنٹری ٹیم، جس میں تمام UN ایجنسیاں، فنڈز، پروگرام شامل ہیں ، کی سربراہی کر رہے ہیں اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات اور منصوبوں سے اقوامِ متحدہ کے ملک میں اقدامات کی ہم آہنگی یقینی بنا رہے ہیں۔