راولپنڈی (عکس آن لائن) پاکستان کی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اب تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں ناقابل شکست ہے، 2001ء سے 2015ء تک دونوں ٹیموں کے درمیان 10 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے، پاکستان نے 9 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا، اس طرح پاکستانی ٹیم کی جیت کا تناسب 90 فیصد ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 2001ء میں ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پاکستانی ٹیم نے اننگز اور 264 رنز سے کامیابی حاصل کی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی ٹیسٹ سیریز 2001/02ء میں بنگلہ دیش میں کھیلی گئی جو پاکستان نے 2-0 سے کلین سویپ کی۔
ڈھاکہ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے اننگز اور 78 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 169 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ 2003ء میں بنگلہ دیش نے پاکستان کا پہلا دورہ کیا، اس موقع پر کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان نے 3-0 سے کلین سویپ کی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ کراچی میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کی، پشاور میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 9 وکٹوں جبکہ ملتان میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے سخت مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان نے 2011/12ء میں بنگلہ دیش میں کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی وائٹ واش کی۔ چٹاگانگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے اننگز اور 184 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2015ء میں بنگلہ دیش میں کھیلی گئی، دو میچوں کی سیریز پاکستان نے 1-0 سے اپنے نام کی، بنگلہ دیش نے تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈرا کھیلا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 328 رنز سے کامیابی حاصل کی۔