ملالہ یوسف زئی

پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کرلیا

لندن(عکس آن لائن) دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی نے 22 سال کی عمر میں برطانیہ کی معروف آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی تعلیم مکمل کرلی۔

ملالہ یوسف زئی کو اگست 2017 میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ ملا تھا اور انہوں نے فلسفہ، سیاست اور معاشیات کے اہم مضامین کے ساتھ اپنا گریجویشن مکمل کیا۔کورونا وائرس کی وبا کے باعث آکسفورڈ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے رواں سال گویجویشن کی تقریب منسوخ کی گئی تھی، جس وجہ سے ملالہ یوسف زئی سمیت دنیا بھر سے گریجویشن کرنے والے ہزاروں طلبہ کی تقریب کو یادگار بنانے کے لیے یوٹیوب نے ورچوئل تقریبات کا اہتمام کیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یوٹیوب کی ورچوئل تقریب کے ذریعے ہی ملالہ یوسف زئی نے خصوصی پیغام جاری کیا اور انہوں نے گریجویشن کرنے والے تمام افراد کو کہا کہ ان سب نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرلی، اب وہ دنیا کو بدلنے کے لیے کردار ادا کریں۔ملالہ یوسف زئی کی مختصر خصوصی ویڈیو کو یوٹیوب نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا اور انہیں مبارک باد دی۔ملالہ یوسف زئی کی گریجویشن مکمل ہونے پر انہیں دنیا بھر سے دیگر اہم شخصیات نے بھی مبارک باد دی۔

ملالہ یوسف زئی نے رواں برس مئی میں اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ان سمیت ہزاروں طلبہ کی گریجویشن کی تقریب اس سال منعقد نہیں ہو سکی اور وبا کے باعث دنیا بھر میں تقریبا ایک ارب طلبہ تعلیمی اداروں سے باہر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں