اسلام آباد (عکس آن لائن ) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا ، جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کا حل ہونا چاہئے، پاکستان صرف امن میں حصہ دار بن سکتا ہے،
امید ہے ایران درپیش صورتحال سے اپنی روایتی دانشمندی کے ساتھ نبردآزماہو گا، صورتحال کی پیچیدگی کے باوجود پاکستان امن کے لئے کام جاری رکھے گا ، خطے اور دنیا کے اجتماعی مفاد میں ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ ایران اور سعودی عرب سے متعلق دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میںخطے کے ممالک کے دورے کے پہلے حصے میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کو ایران کا دورہ کیا جس کا مقصد کشیدگی وتناو میں کمی لانا اور سفارتی ذرائع سے آگے بڑھنے کی راہ ہموار کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔
وزیرخارجہ نے ایران صدر کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی جبکہ ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف سے الگ سے ان کی ملاقات ہوئی۔ ان ملاقاتوں میں مشرق وسطی، خلیجی خطے کی صورتحال اور رونما ہونے والے حالیہ واقعات پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیرخارجہ نے ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ خوشگوار تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان استوار تاریخی کثیرالجہتی تعلقات کی مزید مضبوطی کے عزم کا اظہارکیا۔ حالیہ واقعات پر پاکستان کے نکتہ نظر کو بیان کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے انتہائی ضبط وتحمل برتنے اور تمام اطراف سے کشیدگی میں کمی کے لئے فوری اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہاکہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کا حل ہونا چاہئے۔ وزیرخارجہ نے خطے میں اپنے ہم مناصب سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو سے ایرانی قیادت کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ کشیدگی میں کمی اور جنگ سے بچنے کے حق میں ایک عمومی اتفاق رائے پایاجاتا ہے۔
وزیرخارجہ نے زوردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا اور نہ ہی پاکستان خطے میں کسی جنگ یا تنازعہ کا ہی حصہ بنے گا۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان صرف امن میں حصہ دار بن سکتا ہے۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان تناو اور کشیدگی میں کمی کی ایرانی ترجیح کو سراہتا ہے اور امید کرتا ہے کہ ایران درپیش صورتحال سے اپنی روایتی دانشمندی کے ساتھ نبردآزماہو گا۔
وزیرخارجہ نے زوردیا کہ صورتحال کی پیچیدگی کے باوجود پاکستان امن کے لئے کام جاری رکھے گا کیونکہ یہ خطے اور دنیا کے اجتماعی مفاد میں ہے۔ اس تناظر میں پاکستان سب فریقین پر زوردیتا ہے کہ معاملے میں تعمیری انداز اپنائیں تاکہ امن برقرار رہے جبکہ سفارتی ذرائع سے حل تلاش کیاجائے۔
قبل ازیں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مشہد شہر گئے جہاں انہوں نے حضرت امام رضا کے روضہ اقدس پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔