راولپنڈی (عکس آن لائن) پاکستانی امپائر علیم ڈار کا ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا،ون ڈے میں سب سے زیادہ سپروائز کرنیوالے امپائر بن گئے۔پاکستانی امپائر علیم ڈار سب سے زیادہ ون ڈے سپر وائز کرنے والے امپائر بن گئے۔ علیم ڈار نے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں فیلڈ امپائر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دئیے ۔موجودہ میچ علیم ڈار کا 210 واں ایک روزہ میچ تھا۔ انہوں نے جنوبی افریقی امپائر روڈی کرٹزن کا 209 میچ سْپروائز کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں علیم ڈار نے کہا کہ خوشی کی بات ہے سب سے زیادہ ون ڈے میچ سپر وائز کرنے کا اعزاز ملا۔فیملی اور پاکستان کرکٹ،بورڑ کا شکر گزار ہوں۔واضح رہے علیم ڈار کے پاس اس وقت سب سے زیادہ 132 ٹیسٹ میں امپائرنگ کا اعزاز بھی موجود ہے جو انہوں نے گذشتہ سال ہی سابق ویسٹ انڈین امپائر اسٹیو بکنر کا 129 ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے کا ریکارڈ توڑکر حاصل کیا تھا۔ٹی ٹوئنٹی میچوں میں علیم ڈار 46 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ پہلے نمبر پر پاکستان ہی کے احسن رضا ہیں جنہوں نے 49 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔مجموعی طور پر علیم ڈار نے387 بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کی ہے جوکہ دنیا میں کسی بھی کرکٹ امپائر سے زیادہ ہے۔