اسلام آباد(نمائندہ عکس ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک ہو گئی ہے جس میں وہ ایم این ایز کو خریدنے کی بات کر رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو منظر عام پر آ گئی ہے جس میں وہ مبینہ طور پر ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کی بات کررہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی مبینہ طور پر اپنی کابینہ سے کہہ رہے ہیں کہ آپ کو یہ غلط فہمی ہو گئی ہے کہ اب نمبر گیم پوری ہو گئی ہے، یہ نمبر ایسا ہے نہیں، ایسا مت سوچیں کہ سب ختم ہو گیا۔ مبینہ آڈیو میں عمران خان کہہ رہے ہیں کہ اب سے لے کر 48 گھنٹے بہت اہم ہیں، اس میں بڑی چیزیں ہو رہی ہیں، میں اپنی طرف سے کئی چالیں چل رہا ہوں ہم اسے پبلک نہیں کر سکتے۔ عمران خان آڈیو میں کہتے سنائی دیتے ہیں کہ پانچ ایم این ایز تو میں خرید رہا ہوں، میرے پاس جو 5 ہیں، وہ بڑے اہم ہیں۔
سابق وزیراعظم مبینہ آڈیو میں کسی کا اشارہ کرتے ہوئے ہدایت دے رہے ہیں کہ اس کو کہیں کہ اگر وہ ہمیں 5 ارکان مزید لے دے تو 10 ہو جائیں گے اور یہ گیم ہمارے ہاتھ میں ہے۔ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ اس وقت قوم الارم ہوئی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ہم کسی طرح بھی جیت جائیں، اس لئے کوئی فکر نہ کریں کہ یہ ٹھیک ہے یا غلط ہے، کوئی بھی حربہ ہو، اگر کوئی ایک ایک بھی ایم این اے توڑ دیتا ہے تو اس سے بھی بہت فرق پڑے گا۔