لاہور(عکس آن لائن)سینئر اداکار عدنان صدیقی نے کہا ہے کہ پائیدار کامیابی حاصل کرنے کیلئے ناکامی ضروری ہے ، اگر ناکامی کے بغیر کامیابیاں ملتی رہیں تو اس سے انسان میں تکبر اور غرور آ جاتا ہے ۔ ایک انٹر ویو میں عدنان صدیقی نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے کیلئے بڑی محنت کی ہے ،کئی مواقعوں پر ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن میں نے اسے اپنی کمزوری نہیں بننے دیا بلکہ اس وقت سے سیکھا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص جس قدر عجز و انکساری سے رہتا ہے وہ اتنا ہی کامیاب ہوتا ہے، تکبر اور غرور کرنے والا ایک دن آسمان سے نیچے زمین پر گرتا ہے اس لئے انسان کو ہمیشہ زمین پر ہی رہنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پائیدار کامیابی کے لئے ناکام ہونا ضروری ہے ، ناکامیاں، مشکلات اور جدوجہد آپ کو مضبوط کرتی ہیں ۔ عدنان صدیقی نے کہا کہ مشکل وقت ہر انسان پر آتا ہے لیکن جو اس وقت میں بھی ہنستا ہے وہ حقیقت میں مضبوط ہوتا ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اس کی راہ کی رکاوٹ نہیں بن سکتی ۔