لاہور(عکس آن لائن) سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ اپنی ثقافت کو پس پشت ڈال کر اور دوسروں کی نقل کر کے کامیابی کے خواب دیکھنا عقلمندی نہیں ،پاکستان کی الگ ثقافت اور تہذیب ہے اور ہمیں اس پر فخر ہونا چاہیے ، ٹی وی ،فلم اور اسٹیج ایسا موثر پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے نوجوان نسل کو صحیح سمت دکھانے کی اشد ضرورت ہے ۔ ایک انٹر ویو میں قوی خان نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہماری نوجوان نسل کو جس طرح درست سمت دکھانے کی ضرورت ہے.
اس پر کام نہیں کیا جارہا اور ایسا نہ ہو کہ کہیںدیر ہو جائے ۔ فلم ، ٹی وی اور اسٹیج نوجوان نسل کو صحیح سمت دکھانے کےلئے موثر پلیٹ فارم ہے اور حکومت کو اس سے استفادہ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ لکھنے والے نوجونوانوں کی تربیت کے حوالے سے موضوع کو اپنے ذہن میں رکھیں کیونکہ یہ ہمارا مستقبل ہیں اور ہمیں اس ذمہ داری کو ہر حال میں نبھانا ہے ۔