ٹیکنیکل ایجوکیشن

ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی فیصل آباد کا ماہر و ہنر مند افرادی قوت میں اضافہ کےلئے 3ماہ کے مختلف کورسز میں داخلوں کا اعلان

فیصل آباد (عکس آن لائن):ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)فیصل آباد نے ماہر و ہنر مند افرادی قوت میں اضافہ کیلئے سکل بر ائے جنرل ایجوکیشن کے نام سے 3ماہ دورانیہ کے مختلف کورسز میں داخلوں کا اعلان کیا ہے ۔ٹیوٹا فیصل آباد کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ حکومت پنجاب،ٹیوٹا، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ،سکل ایجوکیشن ڈویلپمنٹ پروگرام،آئی سی آئی اور بعض دیگر اداروں کے اشتراک سے مذکورہ داخلے شروع کئے جا رہے ہیں جن کا دورانیہ 3ماہ ہو گا اور داخلوں کیلئے نشستیں بھی محدود ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ جن شارٹ کورسز کیلئے 25مئی تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں ان میں ٹیلرنگ،بیوٹیشن،ڈومیسٹک الیکٹریشن،کچن گارڈننگ،ہوم اپلائنسز ریپئر،پلمبر، سرٹیفکیٹ آف کمپیوٹر ایپلی کیشن،سیفٹی انسپکٹر، کاشی گیری،سی این سی مشین آپریٹر،ایئر کنڈیشننگ و ریفریجریٹر ٹیکنیشن،کوکنگ، فلوری کلچر، آف سیٹ پرنٹنگ کے ڈپلومہ کورسز شامل ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ ٹیوٹا اس سلسلہ میں آگاہی مہم بھی شروع کر رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان مختصر دورانیہ کے 3ماہ پر محیط ٹیکنیکل کورسز میں داخلے لے کر ہنر مند افرادی قوت کی کمی کو پورا کرتے ہوئے باعزت روز گار کمانے کے قابل ہو سکیں۔انہوں نے بتایاکہ مذکورہ کورسز ٹیوٹا فیصل آباد کے علاوہ ملتان،بہاولپور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ،سرگودھا،ساہیوال، راولپنڈی اور لاہور میں بھی شروع کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں ٹیوٹا کی ویب سائٹ www.tevta.gop.pk سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں