مکوآنہ (این این آئی)ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں سالانہ بنیادوں پر3فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمارکے حوالے سے جولائی سے اپریل 2023 تک کی مدت میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات سے 2.13ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات سے 2.19ارب ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ اپریل میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 191ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں 23فیصد کم ہے۔گزشتہ سال اپریل میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 249ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔ مارچ کے مقابلے میں اپریل میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر15فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مارچ میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 224ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا جواپریل میں کم ہوکر191ملین ڈالر ہوگیا۔