لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ معیشت سے جڑے مسائل کے حل اور اس کی ترقی کیلئے تمام شعبوں کے ماہرین پر مشتمل تھنک ٹینک تشکیل دیا جائے ،
ٹیکسز کی ادائیگی کی صورت میں معیشت میں حصہ ڈالنے والوں کو شک کی نگاہ سے دیکھنے کی بجائے عزت دینا ہو گی اور پہلے حکومتی اداروں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی جائیں ،غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارا حاصل کئے بغیرمعیشت اپنے پائوں پر کھڑی نہیںہو سکتی ۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ بد قسمتی سے ہم نے غیر ملکی قرضوں کو بڑا مسئلہ سمجھا ہی نہیں لیکن آج نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ یہ قرضے ہماری معیشت کو نگلنے کے درپے ہیں ۔ مسائل کے حل اور ترقی کے نئے راستے ڈھونڈنے کیلئے تھنک ٹینک بناکر اس پر جتنی ہو سکے سرمایہ کی جائے اور اس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد آنے والی حکومت کے لئے حالات انتہائی مشکل ہوں گے ، ملک کے معاشی حالات جس نہج پر پہنچ گئے ہیں اس کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہوگا ۔