قصور(عکس آن لائن )محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ وہ ٹینڈے کی اگیتی فصل کی کاشت اپریل کے آخرتک مکمل کرلیں تاکہ بروقت کاشت کی صورت میں اچھی فصل کا حصول ممکن ہوسکے۔
کاشتکاروں کے نام پیغام میں ترجمان محکمہ زراعت نے کہا کہ ٹینڈے کی اگیتی فصل کی کاشت30اپریل تک مکمل کی جاسکتی ہے‘زرخیز‘ریتلی اورپانی کے اچھے نکاس والی زمین میں ٹینڈے کی اگیتی کاشت کے شاندار نتائج حاصل ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار ٹینڈے کی کاشت سے قبل کھیت میں گوبرکی گلی سڑی کھادڈال کر ہل چلاتے ہوئے اسے زمین میں اچھی طرح مکس کردیں اورکھیت کو پانی لگادیں۔
انہوں نے کہا کہ جب وترآجائے تو دوبارہ ہل اور سہاگہ چلاتے ہوئے ٹینڈے کی کاشت کا آغاز کردیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹینڈے کی کاشت کے لئے3میٹرکے فاصلے پر نشان لگاتے ہوئے دونوں اطراف 30سینٹی میٹر دورتین بوری سپرفاسفیٹ ‘ایک بوری امونیم سلفیٹ ڈالتے ہوئے پٹڑیاں اس طرح بنائیں کہ مصنوعی کھادبھی مٹی کی 8سے 10سینٹی میٹر تہہ کے نیچے آجائے۔ انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ سوا کلو سے پونے دوکلوگرام شرح بیج کا استعمال بہترین نتائج کاحامل ہوسکتاہے۔