فیصل آباد(عکس آن لائن) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے ٹماٹرکے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹماٹر کی بہتر پیداوارحاصل کرنے کیلئے فصل کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بعد ازاں فصل کو نقصان پہنچنے کی صورت میں انہیں کسی پریشانی یا مالی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے۔
ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ٹماٹر کی فصل پر ضررر ساں کیڑوں کا حملہ ہو سکتاہے اور یہ ضرر رساں کیڑے ٹماٹر کی فصل پر اگاؤ سے لے کر پھل کے پکنے تک کے تمام مراحل میں کسی بھی وقت حملہ آور ہو کر ٹماٹر کے پودوں اور پھل کو سخت نقصان پہنچاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چور کیڑے کی سنڈی اگتے ہوئے پودوں کو رات کے وقت سطح زمین کے قریب سے کاٹ دیتی ہے اور دن کے وقت پودوں کے قریب چھپی رہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چور کیڑے کی سنڈی کے نقصان کو کم کرنے کیلئے تازہ کٹے ہوئے پودوں کے قریب زمین میں سے سنڈیاں تلاش کرکے تلف کر دینی چاہئیں۔
انہوں نے کہاکہ سیون 350 گرام فی ایکڑ کے حساب سے راکھ میں ملا کر پودوں کے گرد بکھیرنے سے بھی فصل کو نقصان سے بچایاجا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکن سنڈی ٹماٹر کے پھل میں داخل ہو کر اسے کھا لیتی ہے جس سے پھل قابل استعمال نہیں رہتا۔ انہوں نے کہاکہ امریکن سنڈی کے پروانوں کو روشنی کے پھندوں سے تلف کیاجاسکتاہے۔انہوں نے بتایاکہ چست تیلا بھی ٹماٹر کے پتوں کی نچلی سطح سے رس چوس کر پودے کو کمزور کردیتا ہے جس سے انتہائی کم پھل لگتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پھل کے گڑوئے ٹماٹر کے کچے اور پکے پھل پر حملہ آور ہوتے ہیں لہٰذا ان سے بچاؤ بھی اشدضروری ہے۔