ٹرانسپرنسی

ٹرانسپرنسی کی رپور ٹ حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، کب تک اپنی ناکامی سابق حکومتوں پر ڈالیں گے ‘ حمزہ شہباز

لاہور(عکس آن لائن ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی کی رپور ٹ حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، حکومت اتنا جھوٹ بولتی ہے کہ کوئی انتہا نہیں، اب کہہ رہے ہیں ٹرانسپرنسی کی رپورٹ ماضی کے ڈیٹا پر مشتمل ہے،یہ جتنے مرضی جھوٹے کمیشن بنالیں عوام کو حقائق پتہ چل چکے ہیں، حکومت گردشی قرض اور دیگر مسائل حل کرنے میں ناکام ہوئی، حکومت کب تک اپنی ناکامی سابق حکومتوں پر ڈالے گی۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سے متعلق کہا تھا کہ کام کریں گے تو چلیں گے ، آج مہنگائی عروج پر ہے ،گردشی قرضہ بڑھ چکا ہے ،پونے تین سال ہونے لگے ہیں لیکن یہ ناکامی کی خوفناک تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اپنے لوگ کہتے ہیں قبضے ہو رہیں ہیں لیکن آپریشن مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف ہوتا ہے ، بنی گالہ کو کلیئر قرار دیدیا جاتا ہے۔فارن فنڈنگ کیس چھ سال سے حکم امتناعی پر ہے ،اب براڈ شیٹ ڈھونگ رچایا جا رہا ہے ،اس پر حکومت کے لوگوں نے کمیشن مانگا ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اب یاد آرہاہے کہ پانچ سال بہت کم ہیں، آپ نے غریب آدمی کو دو وقت کی روٹی سے محروم کر دیا ہے ، لاہور شہر میں ہر جگہ کوڑا پھیلا ہے اور وزیر اعلی دوسری پارٹیوں کے ارکین کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کرپشن 117پر تھیں آج کہاں پہنچ گئی ہے لیکن یہ جھوٹ بول رہے ہیں کہ ٹرانسپرنسی کی رپورٹ ماضی کے ڈیٹا پر مشتمل ہے ، ان کا جھوٹ اب مزید نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم آٹا ، چینی درآمد کر رہے ہیں ، آپ کب تک اپنی ناکامی دوسری حکومتوں پر ڈالتے رہیں گے ،یہ حکومت جب بھی جائے گی اس کی ناکامیوں کی داستان ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 12ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی ،دہشتگردی ختم کی، کراچی کی رونقیں بحال کیں ، لیکن آج اس کے الٹ ہو،قوم موجودہ دور کے آٹا اور چینی اسکینڈل نہیں بھولی ،عوام کو پتہ ہے یہ نا اہل ،جھوٹے اور کرپٹ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ معیشت گہری کھائی میں جارہی ہے ،خارجہ پالیسی ناکام ہے اور ہم تنہائی کا شکار ہیں،آج دوست پاکستان کو چھوڑ گئے ہیں۔،طیارے آپ کے ضبط ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے احتساب کے نام پر انتقام برداشت کرلیا،نواز شریف، شہباز شریف اورمیرے خلاف ایک پائی کی کرپشن بتا دیں۔انہوں نے کہا کہ آپ ریاست مدینہ کا نام لیتے ہیں ،اپنا گھر 12لاکھ میں ریگولرائز کرا لیتے ہیںلیکن مخالفین کے گھروں کو گراتے ہیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمارے دور میں صرف کام ہورہا تھا ،اس دور میں صرف باتیں ہورہی ہیں،میں نے سب کے نام پڑھے ہیں ، انہوں نے بہت دل سے (ن)لیگ کے لوگ شامل کرکے لسٹ بنائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا قبضہ مافیا تحریک انصاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر)عظمت سعید کو اس معاملے میں نہیں الجھنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں