لاہور (عکس آن لائن) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کچھ نہیں کرسکتی تو ٹڈی دل کو بھگانے کے لیے شور و واویلا کرانے کا کام لے لیں، تمام ادارے ناکام ہو چکے ہیں، حکومتی پالیسیوں سے غریب آدمی کا نقصان ہو رہا ہے، سندھی، بلوچی اورپنجابی کورونا ایک جیسا نہیں، حکومت تمام صوبوں کے لیے یکساں کورونا بچاوپالیسی نہیں بنا سکی۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم نہ ہوتے تو 20 مرتبہ استعفیٰ مانگ چکے ہوتے، اوورسیز پاکستانیوں کو کمیشن مافیا مہنگے داموں ٹکٹ فراہم کر رہا ہے، قرنطینہ کے نام پر کھانے اور کرائے کے پیسے بٹورے جا رہے ہیں۔
سراج الحق نے حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر فورس کچھ نہیں کرسکتی تو ٹڈی دل کو بھگانے کے لیے شور و واویلا کرانے کا کام لے لیں ، کورونا مثبت آنے والوں کے ساتھ مثبت رویہ رکھا جائے اور آئندہ بجٹ میں حکومت غیر ترقیاتی اخراجات ختم کرے تاکہ صحت اور تعلیم پر زیادہ سے زیادہ بجٹ مختص کیا جائے۔