اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہ اہے کہ بلاول صاحب، وفاق سندھ حکومت کو اب تک این ایف سی کی مد میں 1900 ارب سے زائد دے چکا ہے، بتائیں وہ پیسے کہاں خرچ ہوئے؟
بلاول صاحب، سندھ حکومت کی غفلت اور لاپرواہی پرسندھ کی عوام سے کب معافی مانگ رہے ہیں؟ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو جو مینڈیٹ دیا وہ پورا کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ سندھ میں کرپشن کے ساتھ صلاحیت کا بھی فقدان ہے، ترقیاتی بجٹ 59 فیصد استعمال نہ ہوسکا، صوبائی حکومت ہدف کے مطابق 53 فیصد محصولات بھی جمع نہیں کرپائیں اس کے بعد بھی حکومت کرنے کا کوئی جواز بچتا ہے؟ ۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان کرپشن ہونا چاہئے کیونکہ وہ اس کے علاوہ کچھ کرنے کے قابل ہی نہیں ۔
انہوںنے کہاکہ بلاول صاحب، پیپلز پارٹی تو کرپشن میں ماہر تھی لیکن سندھ کے چوہے 14 ارب کی گندم کھا کر آگے نکل گئے، بلاول صاحب گندم چوری کی تحقیقات کہاں تک پہنچیں؟ کیا کسی چوہے نے اعتراف جرم کیا یا معاملہ داخل دفتر ہوگیا۔ انہوںنے کہاکہ سندھ میں تعلیم کاشعبہ بھی آخری ہچکولے کھاتا نظر آرہا ہے، سندھ میں ایک کروڑ 25لاکھ (12.5ملین) فیصد بچے ہیں، 50 فیصد سکول سے باہر ہیں۔
انہوںنے کہاکہ تھر کے لوگ صاف پانی، بنیادی صحت اور ضروری سہولیات سے محروم ہیں،سندھ کا مستقبل سٹنٹنگ گروتھ، انڈر ایج اور ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ میں حکومت پیپلز پارٹی کی ہے لیکن نئی گاج ڈیم،رینی کینال، سندھ بیراج،ملتان سکھر موٹر وے،گرین لائن، کے فور وفاق بنا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی دانشمندانہ پالیسیوں اور فیصلوں سے ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے، جمہوریت کا راگ الاپنے والے بلاول بتائیں سندھ میں پبلک اکائونٹس کمیٹی سمیت قائمہ کمیٹوں میں اپوزیشن کی کتنی نمائندگی ہے؟ ۔
انہوںنے کہاکہ میثاق جمہوریت جس پر بے نظیر اور مفرور نواز شریف کے دستخط ہیں اس میں پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین شپ اپوزیشن کودینے کا عہد کیا گیا، پبلک اکائونٹس کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی نہ ہونے سے سندھ حکومت پرکسی قسم کی چیک اینڈ بیلنس نہیں۔