اسلام آباد(عکس آن لائن ) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمن کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے، علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ مولانا قانونی نوٹس کا جواب دینے کی تیاری کریں، وقت پر نوٹس موصول نہ ہونے کا کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو قانونی نوٹس بھجوا دیا، لیگل نوٹس مولانا فضل الرحمان کے مدرسے کے ایڈریس پربھجوایا گیا۔
نوٹس پاکستان پوسٹ کی ارجنٹ میل سروس کے ذریعے بھجوایا گیا، جو مولانا فضل الرحمان کو 24 گھنٹے میں موصول ہو جائے گا۔ نوٹس بھجوانے اور وصول کروانے کے خصوصی مناظر بھی عکس بند کیے گئے ہیں۔علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ مولانا قانونی نوٹس کا جواب دینے کی تیاری کریں۔
وقت پر نوٹس موصول نہ ہونے کا کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔یاد رہے دو روز قبل وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا تھا ، اس سلسلے میں علی امین گنڈا پور کی ماہر قانون بابر اعوان سے ملاقات ہوئی تھی ، جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی میڈیا افتخار درانی بھی موجود تھے۔