محسن نقوی

وفاقی وزرا محسن نقوی اور چودھری سالک حسین کی اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات

روم (عکس آن لائن) وفاقی وزرا محسن نقوی اور چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے پاکستانیوں کا داخلہ روکنے اور انسداد منشیات کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے گئے ہیں،انسانی سمگلنگ اور ڈرگ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے، اٹلی پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے،اٹلی پاکستان کے ساتھ ہنرمند افرادی قوت کے زیر التوا معاہدہ کو جلد حتمی شکل دے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیزپاکستانیز چودھری سالک حسین اٹلی کی وزارت داخلہ پہنچے جہاں پر اطالوی وزارت داخلہ کے اعلی حکام نے وفاقی وزرا کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزرا محسن نقوی اور چودھری سالک حسین کی اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات ہوئی جس میں غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال اور انسداد منشیات اور بارڈر سیکورٹی کے حوالے سے تعاون پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ ملاقات میں غیر قانونی تارکین وطن اور انسانی سمگلنگ کیخلاف مربوط اور موثر لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا ،انسداد منشیات اور بارڈر سیکورٹی کے لئے مشترکہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ملاقات میں مشترکہ طور پر قریبی کوآرڈینیشن کے تحت کام کرنے کا فیصلہ،انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ روکنے کےلئے اٹلی کا پاکستانی بارڈرز کو محفوظ بنانے کیلئے معاونت پر غور کیا گیا ،اطالوی ٹیم اس ضمن میں جلد پاکستان کا دورہ کرے گی،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اٹلی میں قید 146 پاکستانیوں کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے 42 پاکستانی قیدیوں کو پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اطالوی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط باہمی اشتراک کار انسانی سمگلنگ روکنے۔ انسداد منشیات اور بارڈر سیکورٹی کے لئے مددگار ثابت ہو گا،غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے پاکستانیوں کا داخلہ روکنے اور انسداد منشیات کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے گئے ہیں،انسانی سمگلنگ اور ڈرگ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ اس موقع پر چودھری سالک حسین نے کہا کہ اٹلی پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے،اٹلی پاکستان کے ساتھ ہنرمند افرادی قوت کے زیر التوا معاہدہ کو جلد حتمی شکل دے تاکہ غیر قانونی امیگرنٹس کی حوصلہ شکنی ہو۔ اطالوی وزیر داخلہ نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور انسداد منشیات کے لیے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے اقدامات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ انسداد منشیات۔ بارڈر سیکورٹی اور انسانی سمگلنگ۔ روکنے کے لئے تعاون کریں گے۔ اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید۔ اطالوی وزارت داخلہ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔