وفاقی حکومت

وفاقی حکومت کا ڈیجیٹل لٹریسی کو بطور مضمون قومی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ

اسلام آ باد (عکس آن لائن) وفاقی حکومت نے عوام کو انٹرنیٹ تک رسائی آسان بنانے کے ساتھ ڈیجیٹل لٹریسی کو قومی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔

وزیراعظم عمران خان سے فیس بک کی سی او او مس شیرل سین برگ کی ملاقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے حکومت نے نوجوان نسل تک انٹرنیٹ کی باآسانی رسائی یقینی بنانے کا پلان ترتیب دے دیا ہے۔

حکومت نے ڈیجیٹل پاکستان بنانے کے لیے انٹرنیٹ سے متعلق تعلیم عام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، حکومت نے ڈیجیٹل لٹریسی کو بطور مضمون تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،

آئندہ سال کے آغاز میں ڈیجیٹل لٹریسی پاکستان کے تعلیمی نصاب کا حصہ ہو گی، وفاقی اور صوبائی وزارت تعلیم باہمی مشاورت سے مزید معاملات طے کریں گی جب کہ قومی نصاب ونگ کو بھی اس ضمن میں اہم ہدف سونپا جائے گا۔

موبائل صارفین کو انٹرنیٹ، فیس بک جیسی ایپ کے استعمال کی تربیت دی جائے گی، فیس بک کم پڑھے لکھے شہریوں کے لیے مقامی زبان ایپ متعارف کرائے گا۔

فیک نیوز کی نشاندہی کے لیے بھی ڈیجیٹل لٹریسی کی تربیت پروگرام کا حصہ ہو گی اور فیس بک ڈیجیٹل لٹریسی میں پاکستان کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے فیس بک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے نئی نسل کو روزگار کی فراہمی اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں