وفاقی ، تین صوبائی حکومتوں کا گڈ گورننس میں خیبر پختوانخواہ حکومت سے کوئی موازنہ نہیں ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وفاقی اور تین صوبائی حکومتوں کا گڈ گورننس کے میدان میں خیبر پختوانخواہ کی حکومت سے کوئی موازنہ نہیں ،پنجاب حکومت نے گندم کے کسانوں کو تنہا چھوڑ ا تاہم خیبر پختوانخواہ حکومت نے پنجاب کے کسانوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ان سے گندم کی خریداری کی ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ پنجاب میں گڈ گورننس اور عوام کو ڈلیور کرنے کی بجائے تشہیر بازی اور شو بازیوں پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے یہی صورتحال وفاق ، سندھ اور بلوچستان میں بھی ہے ۔ وفاقی اور تین صوبائی حکومتوں کے برعکس خیبر پختوانخواہ میں عوام کی خدمت کا تسلسل جاری ہے اور مشکلات کے باوجود اس میں مزید تیزی لائی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے ، ان شا اللہ صوبے کے وسائل کو شفافیت سے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا، صحت کارڈ کی رقم میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جو پی ٹی آئی کی عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
٭٭٭٭٭