اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں کسٹمز حکام کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی اور سمگلنگ کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ وزیر اعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں کسٹمز حکام کی گاڑی پر حملے میں شہید ہونے والے کسٹمز اہلکاروں کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہدا کے خاندان کی ذمہ داری اب حکومت کی ہے، اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران وطن پر اپنی جان نچھاور کرنے والے شہدا اپنے رب کے ہاں زندہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ دہشتگردی اور سمگلنگ کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں حکومت کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو حملے میں شہید ہونے والے کسٹمز اہلکاروں کے خاندان کے لئے شہدا پیکیج تیار کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔