اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے میسرز روتھ چائلڈ اینڈ کو کے منیجنگ ڈائریکٹر ایرک لالو پارٹنر اور مسٹر تھیباؤڈ فورکیڈ نے منگل کو فنانس ڈویڑن میں ملاقات کی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور فنانس ڈویڑن کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ملک کے معاشی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حکومت ملکی معیشت کو استحکام اور ترقی کی جانب گامزن کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا ہے اور موجودہ حکومت موجودہ پروگرام کو مکمل کرنے اور تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ وفد نے وزیر خزانہ کو کمپنی کے پروفائل اور دنیا بھر کے مختلف ممالک کو فراہم کی جانے والی اس کی مالیاتی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے حکومت کی جانب سے مالیاتی استحکام کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لئے اٹھائے گئے پالیسی اقدامات کی حمایت کی اور حکومت کی عملی پالیسیوں کی بدولت پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز اور پائیدار ترقی کی جانب گامزن اقتصادی بحالی کے ممکنہ روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کا خیال تھا کہ معیشت کے مثبت پہلوؤں کو عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کرنا ہوگا۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان کی معاشی خوشحالی کیلئے میسرز روتھ چائلڈ کے مثبت ارادوں کو سراہا۔