بیجنگ(نمائندہ عکس) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے دورہ کے دوران اپنے ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی جس کے دوران اقتصادی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چین میں موجود ہیں جہاں انہوں نے چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ سٹریٹجک، اقتصادی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ عالمی وبا، افغانستان میں امن اور بین الاقوامی امور پر بات چیت بھی کی گئی۔ شاہ محمود قریشی نے پاک چین شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا۔
وزیرخارجہ نے پاکستان کی جانب سے ون چائنہ پالیسی اور بنیادی مفادات کی حمایت کا بھی اعادہ کیا ، انہوں نے پاکستان کی خودمختاری ،علاقائی سلامتی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے چینی حمایت پر بھی شکر یہ ادا کیا۔