بیجنگ(عکس آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب اسٹیٹ کونسلر وانگ یی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اتوار کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ مسٹر وانگ یی کے ساتھ بیجنگ میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، پاکستان اور چین کے مابین اسٹریٹیجک شراکت داری مثالی نوعیت کی حامل ہے۔ انہوںنے کہاکہ امن اور خوشحالی کے شراکت دار کی حیثیت سے ، دونوں ممالک پورے خطے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان نے ”ون چائینہ پالیسی”سمیت،ہمیشہ چین کے بنیادی قومی مفادات کی حمایت کی ہے۔
انہوںنے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان، خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان اور چین اس سلسلے میں قریبی تعاون کو برقرار رکھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک، بی آر آئی کے فلیگ شپ منصوبے کے طور پر پاکستان اور چین دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور چین سی پیک کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اسے بی آر آئی کا” اعلیٰ معیاری ترقیاتی منصوبہ”بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے اگلے وزرائے خارجہ اسٹریٹجک مذاکرات کے جلد از جلد انعقاد اور تمام سطحوں پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔