لاہور (عکس آن لائن)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سانحہ مری پرمفصل انکوائری رپورٹ کی روشنی میں 15اعلی افسروں کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے ، وزیر اعلی سردار عثمان بزدار نے قوم سے شفاف انکوائری اورذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا وعدہ پورا کردیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے سانحہ ہونے پر سابقہ دور کی طرح قوم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی اور نہ ہی مٹی پاﺅ فارمولہ اپنایا بلکہ بلا تاخیر اعلی سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے جائے وقوعہ کا دورہ اور سینکڑوں لوگوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کی۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح انکوائری کمیٹی نے رپورٹ مرتب کرنے میں قطعاکوئی تاخیر نہیں کی اسی طرح وزیر اعلی پنجاب نے بھی ذمہ دار ٹھہرائے گئے اعلی افسران کی خدمات سے سرنڈر کر کے وفاق کو مذکورہ افسران کو معطل کرنے اورانضباطی کارروائی کی سفارش بھی کی ہے۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ سانحہ سے سبق حاصل کرکے مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کیلئے حکمت عملی مرتب کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ موصول ہونے کے فوری بعد پنجاب حکومت کی جانب سے اعلی افسران کے خلاف بلا تاخیر کارروائی سے اپوزیشن کی منفی سیاست دفن ہو گئی۔