لاہور(عکس آن لائن)صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ کی زیر صدارت بادشاہی مسجد کی تزئین و آرائش کے سلسلہ میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکر ٹری اوقاف اطہر مسعود آرکیٹکٹ نئیر علی دادا، دائریکٹر جنرل والڈ سٹی کامران لا شاری،ایڈ منسٹریٹر بادشاہی مسجد،خطیب بادشاہی مسجد بھی موجود تھے۔وزیر اوقاف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ بھر میں تاریخی ورثہ کو محفوظ کرنے کے سلسلہ میں اہم اقدامات پر عمل پیرا ہیں ۔
اس سلسلہ میں ان تاریخی ورثوں کی حفاظت، تزئین و آرائش اور گرد جو ار کوخوبصورت بنا نے اور ان تک رسائی کے لئے تیز تر اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ سیاحوں کو ان تاریخی مقامات تک فوری رسائی کے لئے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا تا کہ سیاحت کو وسیع فروغ حاصل ہو۔ اس سلسلہ میں مختلف مقامات پر سیاحوں کے لئے ٹرمینل بھی بنائے جائیں گے۔
جبکہ سیاحوں کے قیام کیلئے جدید ریزورٹس بھی بنائے جائیں گے تاکہ وہ ان میں قیام کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ بادشاہی مسجد ہمارا قومی و قیمتی ورثہ ہے اس کی حفاظت اور تزئین و آرائش کے لئے خصوصی اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔بادشاہی مسجد کے سامنے حضوری باغ اور اطرف کو مذید پر کشش اور خوبصورت بناے کے لئے پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویزن کے مطابق ہم اپنے صوبہ میں واقع تمام قومی ورثہ کو مذید خوبصورت بنا کر سیاحت کے فروغ کا دروازہ کھول دیں گے۔