نیو یارک(نمائندہ عکس ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے امریکا کے خصوصی نمائندہ برائے ماحولیاتی تبدیلی جان کیری نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی،
ملاقات کے دوران موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں وزیراعظم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا کہ وہ پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے یکجہتی کے جذبات کو ان کی بحالی اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لئے عملی اقدامات میں تبدیل کرے۔
وزیراعظم 23 ستمبر کو 193 رکنی اسمبلی سے اپنے خطاب میں پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کو بھی اجاگر کریں گے اور عالمی برادری سے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد اور بحالی کے لیے اپنا تعاون بڑھانے کی اپیل کریں گے۔