لاہور (عکس آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب نے پاک کویت وزرا کونسل کی جانب سے بھارت میں مسلمانوں پر حملوں کی مذمت کا خیر مقدم کیاہے۔تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب نے پاک کویت وزرا کونسل کی جانب سے بھارت میں مسلمانوں پر حملوں کی مذمت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مودی کے بھارت میں نسلی، مذہبی اور لسانی بنیادوں پر تفریق اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلاموفوبیا کی عینک پہنے فاشسٹ بی جے پی کو مسلمانوں کے خلاف مظالم نظر نہیں آ رہے،جس کے باعث آر ایس ایس کی لگائی ہندوتوا کی آگ نے پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آج بھارت میں مسلمانوں کو راشن لینے کے لیے ہندومت کے نعرے لگانے پر مجبور کیا جا رہا ہے،مسلمانوں کو سرکاری نل سے پانی لینے، ریڑھی لگانے، سامان بیچنے سے منع کیا جا رہا ہے یہی نہیں بھارتی اسپتال مسلمان مریضوں کو کورونا پھیلانے کے الزام لگا کر داخل نہیں کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بھارت میں مساجد پر حملے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات سامنے آ رہے ہیں،مگر مسلمانوں کے خلاف مظالم پر مودی سرکار مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی انتہا پسند میڈیا نے تبلیغی مرکز میں کورونا کیسز پر بے انتہا شور مچایا،آج سینکڑوں تبلیغی کارکن پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں، لیکن بھارتی میڈیا کو نظر نہیں آ رہا ہے،تمام مسلم ممالک مل کر بھارت اور کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔