اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم کو انکی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو ہر مشکل امتحان میں قائدِاعظم کی پیروی کرنا ہوگی آج ایک بارپھر سیلاب کی شکل میں ارضِ وطن کو ایک چیلینج کا سامنا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائدِاعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن یہ عزم کریں کہ پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں جہاں جمہوریت مظبوط ہو۔ بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم کو ان کی 74 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیامِ پاکستان جیسا عظیم کارنامہ قائدِاعظم کی جمہوری جدوجہد، بے مثل سیاسی بصیرت، مضبوط قوتِ ارادی اور دیانتداری کا نتیجہ ہے۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ قائداعظم ملک میں سب کے لئے سماجی انصاف چاہتے تھے، قوم کو ہر مشکل امتحان میں قائدِاعظم کی پیروی کرنا ہوگی، جو ہر مشکل کے سامنے سینہ سپر رہے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ آج ایک بار پھر سیلاب کی شکل میں ارضِ وطن کو ایک چیلینج کا سامنا ہے، ایک ایسی ریاست بنائیں جہاں آئین و پارلیمان کی بالادستی، انسانی حقوق کی پاسداری اور سب کے لئے اقتصادی مواقع میسر ہوں۔