اسلام آباد(نمائندہ عکس ) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں شعبہِ صحت کی بہتری کیلئے ایک اور بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ملک گیر سی پی آر ٹریننگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ سربراہ اسٹریٹجک ریفارمز سلمان صوفی نے کہا کہ ایمرجنسی حالات میں جان بچانے والی بین الاقوامی معیار کی سی پی آرٹریننگ لاکھوں زندگیاں بچانے میں معاون ثابت ہو گی اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اس حوالے سے سربراہ اسٹریٹجک ریفارمز کو فوری اقدامات کی ہدایت ہے۔
جان بچانے والی سی پی آر ٹریننگ کو اسکولوں کے نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ اسکے علاوہ ہر شہری کو CPR کی تربیت دینا بھی مہم کا حصہ ہوگا۔ سلمان صوفی نے کہا کہ آئندہ ہفتے اس ملک گیر مہم کے حوالے سے مکمل لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شعبہ صحت میں میرٹ کی بالادستی، بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور صوبہ پنجاب میں ہسپتالوں کے قیام کو یقینی بنایا۔ وزیرِ اعظم وزراتِ عظمی سنبھالنے کے بعد قومی سطح پر صحت کے شعبے میں اصلاحات کا پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں، ملک گیر جان بچانے والی CPR کی تربیت کی مہم اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔