کراچی(عکس آن لائن ) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اچانک سندھ سیکریٹریٹ کے دورے کے دوران غیر حاضر اعلی افسران پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر افسران دس بجے تک نہیں آتے تو انہیں فارغ کیا جائے،جب افسران نہیں آئیں گے تو عملہ کیسے موجود ہوگا۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاون کراچی میں انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے بعد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اچانک سندھ سیکریٹریٹ تغلق ہاﺅس پہنچے، جہاں انہوں نے ایکسائز ڈپارٹمنٹ، ہوم ڈپارٹمنٹ کا دورہ کیااورافسران کی حاضری چیک کی۔
ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے دورے پر متعلقہ وزیر، سیکریٹری اور ڈپٹی سیکریٹری آفس میں موجود نہ تھے جبکہ سیکریٹری لیبر رشید سولنگی بھی غیر حاضر تھے، افسران کی عدم موجودگی پر مراد علی شاہ نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ اگر افسران دس بجے تک نہیں آتے تو انہیں فارغ کیا جائے،جب افسران نہیں آئیں گے تو عملہ کیسے موجود ہوگا۔دورے کے موقع پر سیکریٹری لیبر کے پرنسنل اسٹنٹ نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ سیکریٹری لاڑکانہ گئے ہیں جبکہ تھوڑی دیر بعد سیکریٹری لیبر بھی دفتر پہنچ گئے۔