لاہور(نمائندہ عکس ) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے ہیلتھ پراجیکٹس فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی ہدایت کردی، سرکاری ہسپتالوں کو سولر توانائی پر منتقل کرنے کیلئے قابل عمل پلان طلب کر لیا، وزیر اعلی چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ گنگارام ہسپتال کے زچہ وبچہ بلاک کو رواں ماہ مکمل کیا جائے۔
وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبہ بھر میں زیر تکمیل ہیلتھ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعلی پرویزالہی نے ہسپتالوں کی سولر ائزیشن کے پروگرام کا مکمل تخمینہ لگانے کا حکم دیا جوبلی ٹان میں ڈینٹل ہسپتال کی تعمیر وبحالی کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ کیوگوجرانوالہ اورساہیوال کی اپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے، 500بستروں پر مشتمل ٹیچنگ ہسپتال بنارہے ہیں، ڈی ایچ کیو ساہیوال کو 773 بیڈز پرمشتمل ٹیچنگ ہسپتال بنارہے ہیں، وزیر اعلی نے 250بیڈز کے انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن راولپنڈی میں 30ڈائیلسز مشینیں اوردیگر آلات کی تنصیب جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، فتح محمد بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈی جی خان کے آٹ ڈور اورایمرجنسی بلاک کو جلد فنکشنل کر نے کا حکم دیا گیا۔
اجلاس میں نشتر ہسپتال ملتان میں پیٹ سکین اورسائیکلوٹران مشین کی تنصیب کے لئے فنڈزکے اجرا کی اصولی منظوری دی گئی، جنرل ہسپتال ارفع کریم ٹاورمیں پہلے مرحلے میں 200بیڈ کا ایمرجنسی وارڈ مکمل کیا جائے گا، جناح ہسپتال کا 256 بیڈزکاٹراما سینٹر اورایمرجنسی جلد فنکشنل کردیا جائے گا، اجلاس میں جناح ہسپتال کے آنکالوجی وارڈ میں جدید ترین مشین کی تنصیب کیلئے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد ، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی جی ایم سکندر، سیکرٹری خزانہ اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔