لاہور (نمائندہ عکس ) وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے معاملے میں تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی۔ جمعہ کو پی ٹی آئی کی جانب سے اپیل پرسماعت کیلئے متفرق درخواست سپریم کورٹ میں دائرکر دی جس میں استدعا کی گئی کہ عدالت اپیل سماعت کیلئے مقررکرے۔ پی ٹی آئی کی اپیل میں پنجاب حکومت، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
تحریکِ انصاف نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ لاہورہائی کورٹ نے ہمارا موقف تسلیم کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے مختصر نوٹس پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم دیا۔ وکیل پی ٹی آئی نے اپیل میں یہ مقف بھی اپنایا کہ شارٹ نوٹس پراجلاس بلانے سے عدالت کی دیا ریلیف متاثرہوگا۔
شارٹ نوٹس پر اجلاس بلانے سے ریلیف کی بجائے ہمارا نقصان ہوگا۔ تحریک انصاف نے درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ لاہورہائی کورٹ فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے۔ اپیل میں یہ مقف بھی اپنایا گیا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو تبدیل کرکے اجلاس بلانے کا مناسب وقت دیا جائے۔ استدعا ہے کہ ہمارے ارکان اجلاس میں شریک ہوسکیں اس لیے مناسب وقت دینا ضروری ہے۔ پی ٹی آئی کا درخواست میں مذید یہ موقف بھی ہے کہ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن معطل کیا جائے۔ حمزہ شہباز کو عہدہ سے ہٹایا جائے تاکہ صاف شفاف الیکشن ہوسکیں۔ پنجاب اسمبلی میں وزارت اعلی کا الیکشن فوری معطل کیا جائے۔