لاہور(عکس آن لائن ) وزیراعلی پنجاب نے سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر عالمی فورمز پر اجاگر ہوا ہے، مذموم بھارتی اقدامات سے خطے کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں، وہ دن دور نہیں جب مودی سرکار انتہاپسندی کی آگ میں جل کر راکھ ہو جائے گی۔
لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ بھارت کی جارحیت پسندی اور ہٹ دھرمی نے علاقے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے، دنیا میں رائے عامہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں ہموار ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کی آنکھوں میں مزید دھول نہیں جھونک سکتا، دنیا میں کشمیریوں کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا وقت قریب آن پہنچا ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ بھارت جان لے کہ اب اس کی مرضی نہیں چل سکتی، انتہا پسندی کا رویہ بھارت کے حصے بخرے کرنے کا باعث بنے گا۔