اسلام آ باد (نمائندہ عکس) وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری رہنما سید علی گیلانی مرحوم کے داماد الطاف احمد شاہ کی بھارتی قید میں شہادت پر مودی سرکار کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار نے کینسر کا مریض ہونے کے باوجود الطاف احمد شاہ کے علاج سے انکار کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کے داماد الطاف احمد شاہ کے بھارتی قید میں انتقال پر افسوس ہوا، سوگوار خاندان سے تعزیت کرتا ہوں۔ شہباز شریف نے بھارتی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار نے کینسر کا مریض ہونے کے باوجود الطاف احمد شاہ کے علاج سے انکار کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی کے بھارت میں زیر حراست قتل عام ہو رہا ہے۔