مولانا طارق جمیل

وزیراعظم کی مولانا طارق جمیل سے مذہبی اجتماعات محدود کرنے کی درخواست

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے ممتاز مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل سے کرونا وائرس کے سلسلے میں درخواست کی ہے کہ مذہبی اجتماعات محدود کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے پھیلا ﺅکے پیش نظر مذہبی جماعتوں کے اجتماعات کے معاملے پر پیر کو مولانا طارق جمیل نے وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں کرونا وائرس کی روک تھام سے متعلق گفتگو کی گئی، وزیر اعظم نے مولانا کے ساتھ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بات چیت کی، اور درخواست کی کہ وہ مذہبی اجتماعات محدود کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیر اعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعاﺅں کی بھی درخواست کی، مولانا طارق جمیل کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر خصوصی بیان دیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 103 ہو گئی ہے، سندھ میں مزید 50 افراد میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد صوبے میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 76 ہو گئی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ وائرس کا پھیلا روکنے کے لیے تفتان بارڈر پرانتظامات ناقص ہیں، قرنطینہ بنائے گئے ہیں لیکن اصول و ضوابط پر عمل نہیں کیا جا رہا، اس لیے قرنطینہ میں رہ کر آنے والے بھی وائرس کا شکار نکلے، ناقص انتظامات کی وجہ سے سندھ میں مریضوں کی تعداد بڑھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں