لاہور (عکس آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت کے پولیس تھانہ برگئی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے چار شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت، اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں، قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے ۔
وزیر اعظم نے کہاکہ دہشت گرد پاکستان اور عوام کے کھلے دشمن ہیں ،دہشت گردوں کے خلاف قوم کی ڈھال بننے والے ہمارے ہیرو ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دہشت گردوں، ان کے معاونین اور سہولت کاروں سب کا خاتمہ اولین قومی ترجیح ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو شہدا پیکج دے ۔وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر کی دعا کی ۔