اسلام آباد(عکس آن لائن ) وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ٹھس اور ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی ہے،اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کونوٹس دے رہی ہیں، نہ آر ہوا نہ پار اپوزیشن کا کام تمام ہوا، ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے مریم نوازکی کوئی درخواست نہیں آئی، وزیراعظم نے بھی کہا ہے کہ مریم کو باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے، میں کشمیر کو شہ رگ سے قریب سمجھتا ہوں جب تک بھارت 370واپس نہیں لیتا اس کے ساتھ تجارت نہیں ہوسکتی۔
اتوار کو اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، پی ڈی ایم ٹھس اور ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی ہے،اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کونوٹس دے رہی ہیں انہوں نے ضمنی الیکشن اور سینیٹ دونوں میں حصہ لیا، نہ آر ہوا نہ پار ان کا کام تمام ہوا، پی ڈی ایم کواب لانگ مارچ کے لئے6ماہ تیاری کرناہوگی۔شیخ رشیدنے کہا کہ پیپلزپارٹی اور(ن)لیگ اپنی سیاسی حکمت عملی میں تبدیلی لارہے ہیں، ان دونوں کے اختلافات کا سارا فائدہ عمران خان کو ہوگا، شیخ رشید نے کہا کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے مریم نوازکی کوئی درخواست نہیں آئی، وزیراعظم نے بھی کہا ہے کہ مریم کو باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ میں کشمیر کو شہ رگ سے قریب سمجھتا ہوں جب تک بھارت 370واپس نہیں لیتا اس کے ساتھ تجارت نہیں ہوسکتی،اگر مسئلہ کشمیر پر مذاکرات نہیں ہوتے تو بھارت سے بات نہیں ہوسکتی، کوئی رابطہ نہیں ہوسکتا۔شیخ رشید نے کہا کہ اس وقت کورونا کی تیسری لہر نے ملک کو لپیٹ میں لے لیا ہے،اور کیسز میں اسلام آباد سب سے آگے ہے، عوام سے درخواست ہے کہ ماسک کا استعمال کریں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ اس وقت اہم مسئلہ مہنگائی ہے، وزیراعظم نے کہاہے کہ رمضان میں بنیادی اشیاءکی قیمتوں کوخودمانیٹرکریں گے۔