لاہور( عکس آن لائن) انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خا ن نے ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز سے نبرد آزماہو کر نام نہاد تجربہ کار سابق حکمرانوں کی سیاست کابوریا بستر گول کر دیا ہے ،
پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت اس وقت بوکھلاہٹ کا شکارہے اور حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈے پر اوور ٹائم لگایا جارہا ہے ،معیشت کی بہتری کے ثمرات سے سب سے پہلے پسے ہوئے طبقات استفادہ کریں گے ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو جن حالات میں ملک کی باگ ڈور ملی ہے تاریخ میں کسی بھی حکومت کو اس سے بد حال معیشت کی منتقلی نہیں ہوئی ۔
مسلم لیگ (ن) نے ایک سازش کے تحت حکومت میں موجود ہوتے ہوئے معیشت کو ابتر کرنے کی منصوبہ بندی کرلی تھی جس سے عمران خان پیشگی آگاہ تھے لیکن انہوں نے مایوس ہونے کی بجائے دن رات محنت کی ، دوست ممالک سے تعاون حاصل کیا .
اور ملک کو آئی سی یو سے نکال کر اپنے پائوں پر کھڑا کر دیا ۔کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت دوبارہ مشکلات کا شکار ہے لیکن وزیرا عظم ہرگز مایوس نہیں اور چیلنجز کا مقابلہ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی ذات یا خاندان کیلئے اقتدار میں نہیں آئے اور نہ ہی وہ کوئی کاروبار کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ ہم نے ملک کو کرپشن سے پاک کرنا ہے اور یہ ملک کے مسائل کی جڑ ہے ۔