وزیراعظم شہباز شریف 7 اور 8 نومبر کو دو روزہ دورہ پر مصرہ روانہ ہوں گے

اسلام آباد(عکس آن لائن) شرم الشیخ میں شروع ہونے والی COPـ27 کانفرنس میں شرکت کریں گے،
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 7 اور 8 نومبر کو دو روزہ دورہ پر مصرہ روانہ ہوں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے اپنے بیان میں بتایا کہ وزیراعظم 7 نومبر کو شرم الشیخ میں شروع ہونے والی COPـ27 کانفرنس میں شرکت کریں گے،کانفرنس میں 197 رکن ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ پاکستان COP27 کو بڑی اہمیت دیتا ہے، کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ موسمیاتی انصاف کے مسائل پر فوری کارروائی کی ضرورت پر غور کیا جائے گا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ وزیراعظم ورلڈ لیڈرز سمٹ کے دوران سربراہان مملکت سے خطاب میں اہم مسائل پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شرم الشیخ میں کانفرنس کے موقع پر قوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے بھی ملاقات کریں گے۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے ناروے کے ہم منصب کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم7 نومبر کو مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ کانفرنس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ کے دوران متعدد عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ کوپ 27 ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں لاکھوں افراد موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان عالمی موسمیاتی تبدیلی پر بحث، مذاکرات اور اجتماعی کارروائی میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم کے ہمراہ وفد COP27 کی تمام اہم کمیٹیوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

مریم اور نگزیب کے مطابق وفد ان کمیٹیوں میں کاربن کے کم اخراج والے ممالک کو درپیش خطرے پر بھی بات کرے گا،پاکستان اس کانفرنس میں گروپ آف 77 چائنہ کی سربراہی بھی کرے گا۔ دریں اثناء وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف 7اور8 نومبر2022کو”شرم الشیخ کلائمیٹ امپلیمنٹیشن سمٹ”میں شرکت کے لیے مصر کے شہر شرم الشیخ کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلی حکام بھی ہوں گے۔ یہ سربراہی اجلاس اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی27ویں کانفرنس (COP-27)کے ایک حصے کے طور پر ہو رہا ہے۔ وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابقCOP-27کی مصری صدارت کی دعوت پر وزیر اعظم 8 نومبر 2022 کو اپنے نارویجن ہم منصب کے ساتھ”کلائمیٹ چینج اینڈ سسٹین ابیبلٹی آف ولنرایبل کمیونٹیز”پر ایک اعلی سطحی گول میز مباحثے کی شریک صدارت بھی کریں گے۔

وزیر اعظم اعلی سطحی تقاریب بشمول اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ایگزیکٹیو ایکشن پلان کے ابتدائی وارننگ سسٹمز کے آغاز کیلئے گول میزمیں بطور اسپیکر بھی شرکت کریں گے اور 7 نومبر کو”مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ” جس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کررہے ہیں میں بھی شرکت کریں گے ۔ وزیر اعظم سمٹ کی سائیڈ لائنز پر کئی عالمی رہنمائوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔کوپ(COP-27)27ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب پاکستان میں لاکھوں لوگ اور دنیا کے دیگر حصوں میں لاکھوں لوگ موسمیاتی تبدیلی کے شدید منفی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں، اس رجحان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ایک ترقی پذیر ملک کے طور پر پاکستان ماحولیاتی یکجہتی اور موسمیاتی انصاف کی فوری ضرورت کیلئے ایک مضبوط کال کرے گا، جو مساوات اور مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں کے قائم کردہ اصولوں پر مبنی ہے۔

77گروپ کے موجودہ چیئر کی حیثیت سے جو کہ اقوام متحدہ کے نظام میں ترقی پذیر ممالک کا سب سے بڑا مذاکراتی بلاک ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات بشمول موضوعاتی شعبوں جیسے کہ موسمیاتی مالیات، موافقت، تخفیف، اور صلاحیت کی تعمیر میں گروپ کی قیادت بھی کرے گا۔ COPاقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج (UNFCCC)کے تحت فیصلہ سازی کا سب سے بڑا ادارہ ہے، جو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کا جائزہ لینے اور آگے بڑھانے کے لیے سالانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرتا ہے۔ ایک اہم اسٹیک ہولڈر کے طور پر، پاکستان عالمی موسمیاتی تبدیلی پر بحث، مذاکرات اور اجتماعی کارروائی میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں