اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات میں دوطرفہ مستحکم تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا جائزہ لیا۔
ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی قیادت کی جانب سے دزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات اور امن و امان کے فروغ کی کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اپنی پوسٹ میں سعودی وزیر دفاع نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی۔
دریں اثناء اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم شہباز شری فنے کہاکہ اپنے عزیز بھائی سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود, جو کہ یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی بھی تھے سے ملاقات اور تبادلہ خیال کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہوئی،میں نے انہیں پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کی گراں قدر خدمات پر ملک کا سب سے بڑا سول ایوارڈ “نشانِ پاکستان” حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہاکہ میں نے ان کے ذریعے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے اپنی نیک خواہشات پہنچائیں ۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب ہر محاذ پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔