اسلام آباد (نمائندہ عکس)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن نے دنیا کو عالمی کساد بازاری (رسیشن) کے حوالے سے خبردار کیا ہے، ماحولیاتی تبدیلی اور جاری عالمی تصادم کساد بازاری کا سبب بن رہے ہیں، پاکستان کو پہلے ہی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے خوراک اور رسائی کے شدید مسائل کا سامنا ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ سیلاب کی وجہ سے ہمارے بنیادی ڈھانچے سمیت زراعت اور آمد و رفت کے نظام کو نقصان ہوا ہے۔
شیری رحمن نے کہاکہ 46 لاکھ ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان ہوا ہے، اب تک کے تخمینے کے مطابق 481 ارب روپے کی فصلیں اور اجناس تباہ ہو چکی ہیں۔ شیری رحمن نے کہاکہ 13 ہزار کلومیٹر سے زائد سٹرکیں اور 410 پلوں کو نقصان پہنچا ہے، آمدورفت کے نظام اور خوراک کے بحران کی وجہ سی بہت سی دشواریاں پیش آ سکتی ہیں۔ شیری رحمن نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، کساد بازاری کے عالمی جنوب پر برے اثرات مرتب ہونگے۔
شیری رحمن نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی کی اثرات کی وجہ سے تمام ممالک ایک نئے بحران کی طرف بڑھ رہے ہیں۔