لاہور (عکس آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا واپڈا پاکستانی قوم پر ڈرون حملے کررہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا لاکھوں نوجوان نشے میں مبتلا ہو گئے ہیں، عدل و انصاف سمیت نوجوانوں کے لیے تمام دروازے بند ہیں، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والے نوجوان آج ’’پاکستان سے زندہ بھاگ‘‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔
سراج الحق نے کہا اس ملک میں کرپٹ اشرافیہ کا مستقبل محفوظ ہے، ایک حالیہ سروے کے مطابق 72 فیصد نوجوان ملک چھوڑنا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی نے انتخابات میں نوجوانوں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، سابق حکمرانوں نے ہمیشہ نوجوانوں کو گندی سیاست کے لئے استعمال کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا واپڈا پاکستانی قوم پر ڈرون حملے کر رہا ہے، ساری دنیا میں امیروں سے لے کر غریبوں کو دیا جاتا ہے، پاکستان میں غریبوں سے لے کر امیروں کو دیا جاتا ہے، ایک طرف لوگ بھوکے سوتے ہیں اور دوسری طرف مراعات یافتہ طبقے کو 17 ارب ڈالر کی مراعات دی جاتی ہیں۔
سراج الحق نے کہا جماعت اسلامی آئی پی پی کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی چاہتی ہے، ہم سولر پر ٹیکسوں کا خاتمہ چاہتے ہیں، مفت بجلی استعمال کرنے والے سرکاری ملازموں کی اس سہولت کا خاتمہ چاہتے ہیں، عوام پر مہنگائی کا بوجھ دہشت گردی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا حکومت ظالمانہ ٹیکس واپس لے، جماعت اسلامی 2 ستمبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کرے گی، یکم ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاجی جلسہ ہو گا۔