لاہور(عکس آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے والدین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ والدین کا رشتہ ہر غرض اور بناوٹ سے پاک ہوتا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دین اسلام میں والدین کے حقوق و احترام پر بہت زیادہ زور دیا گیا ہے،اس دن کا بنیادی مقصد والدین کے لیے محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ میری والدہ نے بھی ہر موقع پر میری رہنمائی کی ہے اور میرے والد نے میری بہترین تعلیم و تربیت پر بھر پور توجہ دی۔انہوں نے کہا کہ والدین کے سامنے شفقت اور انکساری سے جھکے رہنا عزت کی بلندیوں تک پہنچا دیتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں والدین کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔ اس دن کے منانے کا مقصد بچوں کی بہتر تربیت میں والدین کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔اس دن کے حوالے سے لاہورسمیت ملک بھر میں سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مقررین اچھی شخصیت کے نکھار میں والدین کے کردار کو خراج تحسین پیش کریں گے۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم والدین 2012 سے منایا جا رہا ہے۔