کراچی (عکس آن لائن) رواں برس کے پاکستان کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار ہونے والے ‘ثبات’ میں انایا عزیز نامی خودمختار لڑکی کا کردار ادا کرنے والی ماورا حسین نے اعتراف کیا ہے کہ اصل زندگی میں بھی انہیں اپنے والدین نے ہر معاملے میں آزادی دی۔رطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے ایشین نیٹ ورک سے فیس بک پر بات کرتے ہوئے ماورا حسین نے بتایا کہ دراصل ڈرامہ ”ثبات’ ‘میں ان کا اور ان کے والدین کا کردار ان کی حقیقی زندگی سے بہت مماثلت رکھتا ہے۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی ‘ثبات’ کی انایا کی طرح ہی ہیں اور ان کے والدین نے ہمیشہ انہیں آزادی و خود مختاری دی۔ماورا حسین نے بتایا کہ والدہ نے انہیں ہمیشہ مالی طور پر آزاد اور خودمختار بننے کے گر سکھائے اور والدین نے ان کی جانب سے اداکاری کا انتخاب کیے جانے پر ان کی حمایت کی۔
اداکارہ کے مطابق والدین نے انہیں اپنی مرضی کا کیریئر منتخب کرنے سمیت ہر معاملے میں خود مختاری دی اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے تعلیم مکمل کرنے سے قبل ہی اداکاری شروع کردی تھی اور اداکاری کے درمیان ہی انہوں نے اپنی مرضی سے تعلیم مکمل کرنے کا سوچا۔انہوں نے والدین کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ جس طرح وہ ڈراما ‘ثبات’ میں تھیں، اسی طرح حقیقی زندگی میں بھی ہیں اور ڈرامے میں دکھائے گئے والدین کے کردار بھی ان کے والدین کی حقیقی زندگی سیملتے جلتے ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں والدین سے بڑھ کر کوئی بھی اپنی اولاد سے محبت نہیں کرتا اور نہ ہی ان کے لیے بہتر سوچتا ہے۔
ماورا حسین کے مطابق اگر اولاد اپنی ہر بات والدین کو بتائیں تو یقینی طور پر والدین ان کی تمام باتوں کو سننے کے بعد اپنے بچوں کے لیے بہتر فیصلہ کریں گے۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اگر ڈراموں میں مثبت اور تعمیری کردار دکھائے جائیں گے تو لازمی طور پر سماج میں بہتری آئے گی۔خیال رہے کہ ماورا حسین کا ڈراما ‘ثبات’ رواں برس کے آغاز سے ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا اور اس کی کہانی کو بہت سراہا گیا تھا۔ڈرامے میں ماورا حسین سمیت عثمان مختار، سارا خان، امیر گیلانی، سید محمد احمد اور سیمی راحیل سمیت دیگر نے کردار ادا کیے تھے اور یہ ڈراما اکتوبر تک نشر ہوتا رہا۔