ممبئی (عکس آن لائن)حال ہی میں پھیپھڑوں کے کینسر کو شکست دینے والے بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار سنجے دت نے سوشل میڈیا پر اپنے مرحوم والدین کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کیا ہے۔سنجے دت نے اپنے والدین کی شادی کی سالگرہ کے موقع پر ٹوئٹر پر اپنے مرحوم والدین کی یادگار تصویر شیئر کی ہے۔ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں سنیل دت اپنی اہلیہ کو محبت بھری نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں جبکہ یہ تصویر میاں بیوی کے خوبصورت رشتے کی عکاسی بھی کر رہی ہے۔سنجے دت نے والدین کی دلکش تصویر کے ساتھ انہیں یاد کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ آپ دونوں نے مجھے محبت کا اصل مطلب سمجھایا۔
خیال رہے کہ سنجے دت کے والد سنیل دت کا تعلق پاکستان سے ہے وہ 6 جون 1929 کو پاکستان کے شہر جہلم میں پیدا ہوئے۔سنیل دت نے بہت سی تاریخی فلمیں کیں جن میں مدر انڈیا، پڑوسن، سجاتہ، میرا سایہ، جانی دشمن اور ملن جیسی کامیاب فلمیں شامل ہیں۔سنیل دت نے اپنے دور میں سبھی بڑی پروڈکشنز اور ہدایت کاروں کے ساتھ کام کیا، ان کی آخری فلم منا بھائی ایم بی بی ایس تھی جس میں انہوں نے اپنے بیٹے سنجے دت کے ساتھ کام کیا تھا۔