مانسہرہ (عکس آن لائن) وادی کاغان میں موسم سرما کی شدید بارشوں کے ساتھ برف باری کا آغاز ہو گیا ہے، انتظامیہ نے شاہراہ کاغان پر سفر کرنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ ناراں تک ذرائع آمدورفت متاثر ہوئے ہیں۔
بالائی علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جس سے زیریں علاقوں میں سردی بڑھ گئی ہے۔ وادی کاغان میں بارشوں کے باعث شاہراہ کاغان پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور مختلف مقامات پر سلائیڈنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ انتظامیہ نے شاہراہ کاغان پر سفر کرنے والے خاص کر سیاحوں کو تنبیہ کی ہے کہ سڑک پر گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں نہ بنائیں تاکہ ٹریفک متاثر نہ ہو، پٹرول کا ٹینک فل رکھیں اور غلط پارکنگ نہ کریں۔
گذشتہ روز کاغان کے مختلف علاقوں کاغان، شوگراں، بٹہ کنڈی اور جھلکڈ میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو بغیر کسی وقفہ کے جاری ہے۔ دوسری جانب زیریں علاقوں میں بارشوں کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔