لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں بے لگام مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے سب اچھا کی رپورٹیں دی جارہی ہیں ، وائٹ پیپر کے ذریعے حکومتی کوتاہیوں کو عوام کے سامنے رکھیں گے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو چوری شدہ مینڈیٹ کے ذریعے ہی سہی لیکن وفاق اور پنجاب میں حکومت مل گئی ہے اب انہیں عوام کے مسائل حل کر کے دکھانا ہوں گے ۔
بطور اپوزیشن ان کے ہر طرح کے اقدام پر نظر رکھے ہوئے ہیں جسے عوام کے سامنے لایا جائے گا ۔
مسرت چیمہ نے کہا کہ حکومت اور بیورو کریسی سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کرانے میں بری طرح ناکام رہی ہے ،چھاپوں اور جرمانوں کے جعلی اعدادوشمار جاری کرنے کی بجائے عوام کو ناجائز منافع خوروں سے بچایا جائے ،
نئے محکمے بنا کر حکومتی اخراجات میں اضافہ کرنے کی بجائے پہلے سے موجود محکموں کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے اور ان سے کام لیا جائے ۔